اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، فلسطینی ہلال احمر نے اعلان کیا ہے کہ غزہ شہر کے علاقے السامر میں ایک رہائشی عمارت کے ملبے سے فراس المصری، ان کی اہلیہ سلسبیل محمد المصری اور ان کے چار بچوں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ الشفاء اسپتال کے ذرائع کے مطابق صہیونی فضائی حملے کے نتیجے میں لگنے والی آگ سے اس خاندان کی لاشیں بری طرح جھلس گئی تھیں۔
دوسری جانب غزہ کی سول ڈیفنس نے بتایا کہ حملے کے مقام پر بھڑکنے والی شدید آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔
ادھر صہیونی فوج کی توپ خانے نے غزہ شہر کے محلہ الزیتون کے جنوب مشرقی علاقوں پر شدید گولہ باری کی، جبکہ اسرائیلی ٹینکوں اور فوجی بلڈوزروں نے مشرقی دیر البلح میں پیش قدمی کرتے ہوئے زرعی اراضی کو تباہ کرنا شروع کر دیا۔
غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق اکتوبر 2023 سے جاری صہیونی جارحیت میں اب تک 73 ہزار 293 فلسطینی شہید اور 173 ہزار 906 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔ وزارت نے مزید بتایا کہ اکتوبر 2025 میں جنگ بندی معاہدے کے نفاذ کے بعد بھی صہیونی حملوں میں ایک ہزار 168 فلسطینی شہید جبکہ 3 ہزار 798 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔
آپ کا تبصرہ